فیفا ورلڈ کپ: امریکا نے آسٹریلیا کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی، ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی
فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ڈی کے اہم میچ میں امریکا نے آسٹریلیا کو 0-2 سے شکست دے کر اگلے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ ایونٹ کی 96 سالہ تاریخ میں ایک منفرد ریکارڈ بھی اپنے نام کر لیا۔سیٹل میں کھیلے گئے مقابلے میں امریکی ٹیم نے ابتدا ہی سے کھیل پر مکمل کنٹرول برقرار رکھا اور گیند پر 63 فیصد قبضہ رکھتے ہوئے آسٹریلوی دفاع پر مسلسل دباؤ ڈالے رکھا۔ اس دباؤ کا نتیجہ 11ویں منٹ میں سامنے آیا جب آسٹریلیا کے دفاعی کھلاڑی کیمرون برجس بدقسمتی سے گیند اپنے ہی جال میں پہنچا بیٹھے، جس سے امریکا کو 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی۔امریکی ٹیم نے جارحانہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھا اور پہلے ہاف کے اختتامی لمحات میں ایلکس فری مین نے خوبصورت گول اسکور کرکے برتری دگنی کر دی، یوں وقفے تک اسکور 0-2 ہو گیا۔دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے اٹیکنگ فٹبال پیش کی اور کئی مواقع بھی پیدا کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم مزید گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ مضبوط دفاع اور منظم کھیل کی بدولت امریکا نے دو گول کی برتری برقرار رکھتے ہوئے میچ اپنے نام کر لیا۔اس کامیابی کے ساتھ امریکا نے فیفا ورلڈ کپ کی 96 سالہ تاریخ میں پہلی بار مسلسل دو میچ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔ امریکی ٹیم گروپ ڈی میں 6 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ پکی کر چکی ہے۔دوسری جانب آسٹریلیا کے لیے صورتحال پیچیدہ ہو گئی ہے اور اسے اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے اپنے آئندہ میچ میں مثبت نتیجہ حاصل کرنا ہوگا۔