155

ماؤں کو عالیہ بھٹ نے دیا یہ اہم مشورہ

ممبئی: بالی ووڈ کی معروف اداکارہ عالیہ بھٹ نے حال ہی میں ماں بننے والی تمام خواتین کو صحت کے حوالے سے اہم مشورہ دیا ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق عالیہ بھٹ ننھی پری راہا کپور کی پیدائش کے بعد اب اپنی زندگی کو معمول پر لانے کے لیے ٹرینر انوشکا پروانی سے رہنمائی حاصل کر رہی ہیں۔ اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر یوگا کرتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے یہ تصویر شیئر کرتے ہوئے بچے کی پیدائش کے بعد ماں کے لیے ورزش کی اہمیت کے حوالے سے ایک تفصیلی نوٹ لکھا ہے۔عالیہ بھٹ نے اپنے تفصیلی نوٹ میں لکھا ہے کہ میرے ساتھ حال ہی میں ماں بننے والی تمام خواتین کے لیے مشورہ ہے کہ بچے کی پیدائش کے بعد سب سے اہم چیز یہ جاننا ہے کہ آپ کے جسم میں برداشت کی کتنی صلاحیت ہے، ایسا کوئی بھی کام کرنے سے گریز کریں جو آپ کو محسوس ہو رہا ہو کہ آپ نہیں کر سکتیں۔
اُنہوں نے لکھا ہے کہ میں نے بیٹی کی پیدائش کے بعد اپنے پہلے دو ہفتوں تک ورزش کے دوران اپنا توازن بحال کرنے کے لیے صرف گہری سانسیں لینا اور چلنا شروع کیا۔اداکارہ نے لکھا ہے کہ خود کو وقت دیں، آپ کے جسم نے جو کچھ برداشت کیا ہے اس کی حوصلہ افزائی کریں۔انہوں نے پوسٹ میں شیئر کی گئی تصویر کے بارے میں لکھا ہے کہ اس سال میرے جسم نے جو کچھ برداشت کیا ہے اس کے بعد میں نے اپنے آپ سے خود پر دوبارہ کبھی سختی نہ کرنے کا عہد لیا ہے۔عالیہ بھٹ نے مزید لکھا ہے کہ بچے کی پیدائش ہر لحاظ سے ایک معجزہ ہے، اس لیے آپ کو بھی اپنے جسم کو دوبارہ بحال ہونے کے لیے وہ محبت اور مدد دینی چاہیے جو اس نے آپ کو دی۔اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے آخر میں سب کو خبردار کرتے ہوئے یہ بھی کہا ہے کہ ہر انسان کاجسم دوسرے سے مختلف ہوتا ہے، اس لیے براہِ مہربانی ورزش کرنے سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے مشورہ ضرور کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں