پرانے آئی فون صارفین خبردار! واٹس ایپ کی سپورٹ جلد ختم ہونے والی ہے
کراچی: اگر آپ 10 سے 11 سال پرانا آئی فون استعمال کر رہے ہیں تو آپ کے لیے اہم خبر ہے، کیونکہ واٹس ایپ جلد بعض پرانے آئی فون ماڈلز کی سپورٹ ختم کرنے جا رہا ہے۔ٹیکنالوجی ویب سائٹ WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ 30 نومبر 2026 کے بعد کچھ پرانے آئی فونز پر کام کرنا بند کر دے گا۔ کمپنی آئندہ اپ ڈیٹ میں کم از کم درکار آپریٹنگ سسٹم کی شرط کو بڑھا کر iOS 15.5 یا اس سے جدید ورژن کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔اس وقت آئی فونز پر واٹس ایپ چلانے کے لیے iOS 15.1 یا اس کے بعد کا ورژن ضروری ہے، تاہم نئی پالیسی کے نفاذ کے بعد پرانے سافٹ ویئر استعمال کرنے والے صارفین کو اپنے فون اپ ڈیٹ کرنا ہوں گے، بصورت دیگر وہ واٹس ایپ سروس سے محروم ہو سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق اگرچہ زیادہ تر آئی فون صارفین پہلے ہی iOS 15.5 یا اس سے جدید ورژن استعمال کر رہے ہیں، تاہم اب بھی قابلِ ذکر تعداد میں ایسے صارفین موجود ہیں جو پرانے سسٹمز پر انحصار کر رہے ہیں۔واٹس ایپ کی جانب سے وقتاً فوقتاً نئے فیچرز، بہتر سیکیورٹی اور پرائیویسی اپ ڈیٹس متعارف کرائی جاتی ہیں، جنہیں مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے جدید آپریٹنگ سسٹمز کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی وجہ سے کمپنی پرانے سسٹمز کی سپورٹ مرحلہ وار ختم کرتی رہتی ہے۔دوسری جانب ایک اور رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 8 ستمبر 2026 سے اینڈرائیڈ 6 سے پرانے آپریٹنگ سسٹمز پر چلنے والے اسمارٹ فونز کے لیے بھی واٹس ایپ سپورٹ ختم کر دی جائے گی۔ اس کے بعد واٹس ایپ صرف اینڈرائیڈ 6 اور اس سے جدید ورژنز پر دستیاب ہوگا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین اپنے فون کے سافٹ ویئر ورژن کو چیک کریں اور اگر ممکن ہو تو اسے تازہ ترین ورژن پر اپ ڈیٹ کر لیں تاکہ مستقبل میں واٹس ایپ سمیت دیگر اہم ایپس کے استعمال میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔