2G فیچر فوزنز کی پیداوار ختم کرنے کی تجویز، PMPMA سراپا احتجاج
کراچی(اسٹاف رپورٹر) دنیا بھر میں فیچر فون (2G )کی جگہ اسمارٹ فون مقبولیت حاصل کر رہا ہے اور اس کے اثرات پاکستان میں بھی نمایاں ہوتے جا رہے ہیں دنیا کے بیشتر ممالک نے فیچر فون (2G ) کی پیداوار ختم کرتے جا رہے ہیں اسی طرح پاکستان میں بھی کچھ اداروں نے فیچر فون (2G ) کی پیداوار کم کر دی ہے اور یہ بھی اطلاعات گردش کر رہی ہیں کہ حکومت پاکستان بھی 2G فیچر فون کی حوصلہ شکنی کرتی نظر آ رہی ہے، پاکستان موبائل فون مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (PMPMA)کی جانب سے 2G فیچر فون انڈسٹری کو ختم کرنے یا محدود کرنے کے ممکنہ فیصلے پر تشویش کا اظہار اور اسے ڈیجیٹل شمولیت، رابطوں اور صنعتی پیداوار کے لیے خطرہ قرار دیا گیا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فیچر فونز اب بھی ملک کے کم آمدنی والے اور دیہی علاقوں کے کروڑوں صارفین کے لیے رابطے کا سب سے سستا ذریعہ ہیں۔ اگر 2G ٹیکنالوجی کو تیزی سے ختم کیا گیا تو اس سے نہ صرف کم آمدنی والا طبقہ متاثر ہوگا بلکہ موبائل بینکنگ جیسی سہولیات تک رسائی بھی محدود ہو سکتی ہے۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ اس اقدام سے مقامی موبائل اسمبلنگ انڈسٹری کو نقصان ، پیداوار میں کمی سے مقامی فیکٹریوں اور ریٹیل نیٹ ورک میں روزگار کے مواقع متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ بعض بین الاقوامی مارکیٹوں میں سادہ اور کم قیمت موبائل فونز کی طلب اب بھی موجود ہے، جس سے پاکستان کی برآمدی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔PMPMA نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکنالوجی منتقلی کا عمل مارکیٹ کے مطابق رکھا اور کسی بھی قسم کی جلد بازی پر مبنی پالیسیوں سے گریز کیا جائے تاکہ کمزور طبقات اور مقامی صنعت کو تحفظ دیا جا سکے۔