ایپل یورپ میں اپنا پہلا ڈیویلپر سینٹر قائم کرے گا
برلن: معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال کے آخر تک جرمنی کے دارالحکومت برلن میں یورپ کا اپنا پہلا ڈیویلپر سینٹر قائم کرے گی۔ اس اقدام کا مقصد یورپی ڈویلپرز اور ٹیکنالوجی کمپنیوں کو جدید تربیت، تکنیکی معاونت اور ایپل کے ماہرین سے براہِ راست رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ایپل کے مطابق نئے مرکز میں پروگرامرز کے لیے تربیتی سیشنز، ورکشاپس اور ون آن ون مشاورتی ملاقاتوں کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ وہ ایپل کے پلیٹ فارمز کے لیے مزید معیاری اور جدید ایپلی کیشنز تیار کر سکیں۔یہ مرکز دنیا بھر میں قائم ایپل کے دیگر ڈیویلپر مراکز کی طرز پر کام کرے گا، جن میں کیلیفورنیا، بنگلورو، شنگھائی اور سنگاپور کے مراکز شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق برلن میں اس مرکز کے قیام سے یورپی ٹیکنالوجی شعبے کو فروغ ملے گا اور مقامی ڈویلپرز کو عالمی معیار کے مواقع میسر آئیں گے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ یورپ میں ایپل کی موجودگی کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں جدت اور ڈیجیٹل ترقی کے نئے امکانات بھی پیدا کرے گا۔