86

پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دیدی

کراچی: پی ایس ایل کے آٹھویں میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے آٹھویں میچ میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے 199 رنز کا ہدف دیا تھا جو پشاور کی ٹیم نے 19.3 اوور میں7 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

کوئٹہ کے 199 رنز کے تعاقب میں پشاور کی جانب سے اننگز کا آغاز امام الحق اور کامران اکمل نے کیا لیکن صرف 13 کے مجموعی اسکور پر کامران اکمل آؤٹ ہوگئے جس کے بعد ون ڈاؤن آنے والے ٹام کیڈمور صرف 4 رنز بناکر چلتے بنے تاہم امام الحق نے مزاحمت جاری رکھی اور 41 رنز بنانے کے بعد بولڈ ہوگئے۔

امام الحق کے آؤٹ ہونے کے بعد حیدرعلی اور شعیب ملک نے ٹیم کو سنبھالا، حیدرعلی نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی تاہم ڈیل اسٹین کی گیند پر وہ کیچ دے بیٹھے جب کہ کچھ ہی دیر بعد شعیب ملک بھی ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

15 ویں اوورز میں 5 وکٹیں گرنے کے بعد پشاور زلمی کو میچ جیتنے کے لیے 30 گیندوں پر 54 رنز درکار تھے اور کوئٹہ کی جیت یقینی تھی تاہم وہاب ریاض اور رادرفورڈ نے چھٹی وکٹ کے لیے 48 رنز کی شراکت بنادی جس کی بدولت پشاور کی ٹیم نے 19.2 اوورز میں ہدف حاصل کرلیا۔

19 ویں اوور میں حسنین نے وہاب ریاض کی وکٹ حاصل کی اور اگلی ہی گیند پر رن آؤٹ کرکے پشاور کی جیت کے امکانات روشن کیے تاہم محمد حسنین نے 19 ویں اوور کی تیسری گیند وائٹ کراکر مزید 4 رن پشاور کی جھولی میں ڈال دیے جس کے باعث پشاور میچ جیت گیا۔

اس سے قبل پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو کوئٹہ کے اوپنرز کی جانب سے اننگز کا آغاز انتہائی سست رفتاری سے کیا گیا، اوپنر کیمرون ڈیلپورٹ صرف 15 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے جب کہ صائم ایوب 21 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

ون ڈاؤن آنے والے فاف ڈپلیسی اور سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑہایا تاہم ڈپلیسی 37 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد اعظم خان نے سرفراز کے ساتھ مل کر 105 رنز کی قیمتی شراکت قائم کی، دونوں کھلاڑیوں نے گراؤنڈ کے چاروں طرف دلکش شارٹس کھیلے جس کی بدولت کوئٹہ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنائے۔

سرفراز احمد نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور صرف 40 گیندوں پر 81 رنز بنائے جس میں 12 چوکے اور ایک چھکا شامل ہے جب کہ اعظم خان نے 26 گیندوں پر 47 رنز کی اننگز کھیلی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں