149

کیا ماہرہ خان اسکرین پر پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل بننے جا رہی ہیں؟

خبریں ہیں کہ ‘سپر اسٹار’ اداکارہ ماہرہ خان جلد ہی اسکرین پر پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔ ماہرہ خان ماضی میں بھی پاک فوج کے شعبہ تلعقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے تیار کردہ کچھ منصوبوں میں دکھائی دی ہیں لیکن اب خبریں ہیں کہ وہ ایک ٹیلی فلم میں بھی دکھائی دیں گی۔متعدد سوشل میڈیا پیجز کے مطابق جلد ہی ماہرہ خان آئی ایس پی آر کے تعاون سے بننے والی ایک ٹیلی فلم میں پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ وائرل ہونے والی پوسٹس کے مطابق ٹیلی فلم کی شوٹنگ راولپنڈی میں آرمی میڈیکل کالج میں جاری ہے اور ماہرہ خان بھی اس کا حصہ ہیں۔ رپورٹس کے مطابق اداکارہ ‘نگار جوہر خان’ نامی ٹیلی فلم میں پاک فوج کی پہلی خاتون لیفٹیننٹ جنرل کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ اگرچہ متعدد سوشل میڈیا پیجز اور شوبز ویب سائٹس کی جانب سے بتایا گیا کہ ماہرہ خان جلد ہی آئی ایس پی آر کی معاونت سے بننے والی ٹیلی فلم میں فوجی خاتون افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔ تاہم اس حوالے سے کسی مستند ذریعے کا حوالہ نہیں دیا گیا اور تاحال اداکارہ نے بھی اس پر کوئی بات نہیں کی۔ مذکورہ خبریں اس وقت پھیلیں جب میک اپ آرٹسٹ عمیر وقار نے حال ہی میں ماہرہ خان کی ایک مختصر ویڈیو شیئر کی تھی، جس میں اداکارہ کو پائلٹ کی ڈریس میں دکھایا گیا تھا۔ عمیر وقار کی جانب سے شیئر کی گئی مختصر ویڈیو میں اگرچہ ماہرہ خان کو پائلٹ کے لباس میں اور جنگی جہاز اور گاڑیوں کے درمیان ایکشن کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے لیکن ویڈیو سے یہ واضح نہیں ہوتا کہ وہ کسی ٹیلی فلم یا ڈرامے کا سین ہے۔ بظاہر ویڈیو سے اندازہ ہوتا ہے کہ اداکارہ کی مذکورہ ویڈیو کسی اشتہار یا مہم کا حصہ ہے لیکن اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔ عمیر وقار نے ماہرہ خان کی ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اداکارہ کے ساتھ ایک منصوبے پر کام کر رہے ہیں، جس کی ہدایات اداکار عدنان ملک دیں گے۔ تاہم انہوں نے واضح نہیں کیا کہ وہ ماہرہ خان اور عدنان ملک کے ہمراہ کس طرح کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں لیکن ان کی جانب سے اداکارہ کو فوجی پائلٹ کے روپ میں دکھانے کی ویڈیو شیئر کرنے پر خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ اسکرین پر پاک فوج کی پہلی خاتون افسر کے روپ میں دکھائی دیں گی۔ خیال رہے کہ نگار جوہر خان کو پاک فوج میں گزشتہ برس جون میں لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی، اس سے قبل وہ میجر جنرل کے عہدے پر خدمات سر انجام دے رہی تھیں۔ وہ مذکورہ عہدہ حاصل کرنے والی پہلی خاتون فوجی افسر بنی تھیں، انہیں جون 2020 میں ترقی دے کر سرجن جنرل آف پاکستان آرمی تعینات کیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں