134

حکومت کا شاندار اقدام،پاکستانی مصنوعات سستی ہونے کا امکان

وفاقی حکومت نے نئے مالی سال 2021-22 کے وفاقی بجٹ میں خام مال منگوانے پر ڈیوٹی ختم کردی، صنعتکاروں اور تاجروں میں خوشی کی لہر، صنعت کار اس کا فائدہ عوام کو منتقل کریں
کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت مالی سال 2021-22 کے وفاقی بجٹ میں ایکسپورٹ میں اضافے کے لیے صنعتوں کے لیے بیرون ملک سے منگوائے جانے والے خام مال پر تمام ڈیوٹیز ختم کردی ہے، یہ انتہائی جرات مند فیصلہ ہے، جس کو صنعتی کاروباری سمیت تمام حلقوں میں سراہا جارہا ہے۔ لامحالہ اس کا نتیجہ یہ نکلنا ہے کہ صنعت کار باآسانی ڈیوٹیز کے بغیر خام مال منگوا سکیں گے اور الیکٹرونکس و الیکٹرک سامان، کچن اپلائنسز، ہوم اپلائنسز سمیت تمام مصنوعات سستے دام تیار کر سکیں گے، صنعت کار اپنا مال نا صرف پاکستان دیگر تمام دنیا میں ایکسپورٹ کر سکیں گے، یقینی طور پر امپورٹ کم ہوگی تو زرمبادلہ باہر نہیں جائے گا جب کہ دوسری جانب ایکسپورٹ بڑھے گی جس سے زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا اور ساتھ ہی made in Pakistan کا نعرہ دنیا بھر میں گونجے گا۔ تاہم اس تمام معاملے کا ایک اہم پہلو یہ بھی ہے کہ صنعت کار پاکستانی صارفین کو یہ تمام اشیاء سستی فراہم کریں گے یا نہیں؟ کیونکہ اس سے قبل صنعتکاروں کی جانب سے ایسی کوئی رعایت عوام کو نہیں دی گئی پاکستان میں موبائل فون سمیت دیگر الیکٹرونکس و الیکٹرک کی مختلف اشیاء اسمبل ہورہی ہیں مگر ان کے نرخ وہی ہیں جو پرانے وقتوں میں تھے، گویا کہ صنعت کاروں نے اس کا فیض عوام کو نہیں دیا۔ حکومت کی جانب سے بھی ایسی کوئی شرط یا پابندی صنعت کاروں پر عائد نہیں کی گئی، ضرورت اس امر کی ہے، حکومت ان صنعتکاروں پر دباؤ ڈالے کہ وہ پاکستان میں تیار کردہ مصنوعات کا فائدہ عوام کو بھی منتقل کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں