پاکستان کی معروف اداکارہ عائزہ خان ایک مرتبہ پھر فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر سب سے زیادہ فالو کی جانے والی پاکستانی اداکارہ بن گئیں۔اب اداکارہ عائزہ خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر انہیں فالو کرنے والے افراد کی تعداد 90 لاکھ ہوگئی ہے۔ فالوورز کی تعداد 90 لاکھ ہونے پر عائزہ خان نے انسٹاگرام پر ایک پوسٹ شیئر کی۔ اپنی پوسٹ میں عائزہ خان نے ایک زرد پتا پکڑا ہوا ہے جس پر 9 ملین لکھا ہے جبکہ پوسٹ کے کیپشن میں عائزہ نے لکھا کہ میں آپ سب سے محبت کرتی ہوں۔ خیال رہے کہ عائزہ خان کے فالوورز کی تعداد میں حالیہ اضافہ رمضان المبارک میں نجی ٹی وی چینل پر نشر ہونے والے خصوصی ڈرامے ‘چپکے چپکے ‘ کے باعث ہوا۔ ‘چپکے چپکے’ میں عائزہ خان نے منیہا عرف مینو نامی چلبلی لڑکی کا کردار ادا کیا تھا اور عثمان خالد بٹ کے ساتھ ان کی جوڑی کو بھی بہت زیادہ پسند کیا گیا ہے۔ اس سے قبل رواں برس جنوری کے اختتام پر عائزہ خان انسٹاگرام پر پاکستان میں سب سے زیادہ فالو کی جانے والی شخصیت بنی تھیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 80 لاکھ ہوگئی تھی۔ عائزہ خان نے حیران کن طور پر 2020 کی آخری سہ ماہی میں انسٹاگرام پر کافی مقبولیت حاصل کرتے ہوئے ایمن خان کی بادشاہی کو ختم کیا تھا۔ سال 2020 کی آخری سہ ماہی میں انسٹاگرام پر اگرچہ ایمن خان فالوورز میں 74 لاکھ کے ساتھ پہلے نمبر پر تھیں، تاہم دسمبر 2020 تک عائزہ خان فالوورز کے حوالے سے ان کے برابر ہوگئی تھیں۔ دسمبر 2020 کے اختتام تک ایمن اور عائزہ خان کے فالوورز کی تعداد ترتیب وار 78 لاکھ ہوگئی تھی، تاہم سال 2021 کے پہلے ہی مہینے عائزہ خان نے نیا اعزاز حاصل کرتے ہوئے ایمن خان کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔ جنوری 2021 کے اختتام پر عائزہ خان 80 لاکھ فالوورز کے ساتھ پہلی شوبز شخصیت بنیں تھیں جن کے سوشل شیئرنگ ایپ پر اتنے فالوورز تھے ان کے بعد ایمن خان کے فالوورز کی تعداد بھی 80 لاکھ ہوگئی تھی اور بعدازاں انہوں نے عائزہ خان کو فالوورز کی تعداد میں پیچھے بھی چھوڑ دیا تھا۔ اب ایمن خان فالوورز کی تعداد میں دوسرے نمبر پر ہیں اور ان کے فالوورز کی تعداد 85 لاکھ ہے. مذکورہ دونوں اداکاراؤں کے بعد 75 لاکھ فالورز کے ساتھ ماہرہ خان تیسرے نمبر پر ہیں۔ سجل علی 71 لاکھ فالوورز کے ساتھ چوتھے اور منال خان 70 لاکھ فالوورز کے ساتھ سرفہرست فالو کی جانے والی شخصیات میں شامل ہیں۔ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی گزشتہ کچھ عرصے سے شوبز شخصیات کی جانب سے دیگر پلیٹ فارمز کے مقابلے انسٹاگرام کو استعمال کیے جانے میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔
149