173

کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

کراچی: پی ایس ایل کے نویں میچ میں کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے نویں میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقرررہ 20 اوورز میں 195 رنز بنائے۔ کراچی کنگز نے بابراعظم کی زبردست اننگز کے بدولت مطلوبہ ہدف 19ویں اوور مٰں حاصل کرلیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے شرجیل خان نے ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا لیکن وہ 27 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جس کے بعد بابراعظم نے جوئے کلارک کے ساتھ ملکر 97 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس دوران جوئے کلارک نے پی ایس ایل میں اپنی پہلی نصف سنچری مکمل کی وہ 54 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم اپنی فارم بحال کرتے ہوئے ایک اور نصف سنچری اسکور کرنے میں کامیاب رہے۔ کولن انگرام 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ بابراعظم 90 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے دو وکٹیں شاہنواز دھانی کے حصے میں آئیں اور ایک وکٹ سہیل خان نے حاصل کی۔
ملتان سلطانز کی جانب سے پچھلے تینوں میچوں میں ناکام رہنے والے اوپنر کرس لین کو دوبارہ موقع دیا گیا لیکن اس بار انہوں نے ٹیم کو مایوس نہیں کیا اور 14 گیندوں پر 32 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے اور کپتان محمد رضوان 32 گیندوں پر 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
مڈل آرڈر بلے باز جیمز ونس 29 گیندوں پر 45 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ارشد اقبال کا شکار بنے تاہم بعد میں آنے والے بلے بازوں نے سست روی سے بیٹنگ کی جس کے باعث ملتان سلطانز 200 کا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہے۔
ریلی روسو 7، خوشدل شاہ 6، شاہد آفریدی 3 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ صہیب مقصود 27 گیندوں پر 34 رنز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز کی جانب سے ارشد اقبال نے 2، ڈینیل کرسچن، وقاص مقصود، عماد وسیم اور محمد عامر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں