67

ٹائٹل جیتنے کیلیے بطور ٹیم بہتر پرفارم کرنا ہوگا ؛ وہاب ریاض

بائیو ببل میں رہنا سخت چیلنج ہے،کرکٹ کیلیے ایسی قربانیاں دینا پڑیں گی
لاہور: پشاور زلمی حسن علی کے بغیر بھی پی ایس ایل میں کامیاب مہم جوئی کے لیے پْرعزم ہے،کپتان وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ پیسر کی کمی محسوس ہوگی مگر ان کا خلا پْر کرنے کیلیے دیگر کھلاڑیوں سے توقعات وابستہ ہیں، ٹائٹل جیتنے کے لیے بطور ٹیم بہتر پرفارم کرنا ہوگا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کے پروگرام ’’کرکٹ کارنر ود سلیم خالق‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے کہا کہ میری حسن علی کے لیے نیک خواہشات ہیں، امید ہے کہ پیسر اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی طرف سے کھیلتے ہوئے بھی جاری رکھیں گے، ہمیں حسن علی کی کمی محسوس ہوگی مگر اسکواڈ میں کئی اچھے کھلاڑی موجود ہیں جو ان کا خلا پْر کرتے ہوئے ٹائٹل کی جانب کامیاب سفر میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔ کپتان نے کہا کہ پشاور زلمی کے پرستاروں کی بہت بڑی تعداد موجود ہے اور وہ ہمیں ہرسال اچھا پرفارم کرتا دیکھنا چاہتے ہیں، ہم مثبت کرکٹ کھیلتے ہوئے ٹرافی اپنے نام کرنے کی کوشش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ حیدر علی ایک جارح مزاج بیٹسمین ہیں،ان کے پاس اسٹروکس کھیلنے کی صلاحیت موجود ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں کسی ٹیم کو اسی انداز کے بیٹسمینوں کی ضرورت ہوتی ہے، بہرحال کسی کی انفرادی کارکردگی کی بدولت چند میچز تو جیتے جا سکتے ہیں،مگر ٹائٹل جیتنے کے لیے ایک ٹیم کے طور پر بہتر پرفارم کرنا ضروری ہے۔
وہاب ریاض نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پشاور زلمی کو اپنے ہوم گراؤنڈ پر میچز کھیلنے کا موقع نہیں مل رہا لیکن ان حالات میں بھی کرکٹ ہونا خوشی کی بات ہے، محدود تعداد میں تماشائیوں کو اسٹیڈیم آنے کی اجازت بھی ہے، باقی لوگ ٹی وی پر بیٹھ کر بھی میچز دیکھ سکتے ہیں۔ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ بائیو ببل میں رہنا ایک سخت چیلنج ہے، اپنے کمرے تک محدود رہتے ہوئے ایک ہی طرح کا کھانا بار بار کھانا پڑتا ہے، یہ مشکل ہے مگر کرکٹ کی سرگرمیاں بحال رکھنے کیلیے اس طرح کی قربانیاں دینا پڑیں گی۔وہاب ریاض نے کہا کہ میں گذشتہ برسوں میں کبھی پی ایس ایل کا بہترین بولر نہیں قرار پایا، گذشتہ سیزن میں قریب تھا مگر ایوارڈ حاصل نہیں کر سکا، بہرحال اپنی فارم اس بار بھی برقرار رکھتے ہوئے ٹیم کے لیے عمدہ کارکردگی دکھانا چاہتا ہوں۔ واضح رہے کہ وہاب ریاض کا یہ انٹرویو پشاور زلمی کے پہلے میچ سے قبل ہی ریکارڈ کر لیا گیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں