60

لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو شکست دیدی

لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3 وکٹیں حاصل کیں
کراچی: پاکستان سپر لیگ کے چھٹے ایڈیشن کے دوسرے میچ میں لاہور قلندرز نے پشاور زلمی کو 4 وکٹ سے شکست دیدی۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پی ایس ایل 6 کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 140 رنز بنائے جب کہ لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف 6 وکٹ کے نقصان پر 19ویں اوور میں پورا کیا۔لاہور قلندرز کی جانب سے کپتان سہیل اختر اور فخرزمان نے اننگز کا آغاز کیا لیکن دونوں ناکام ثابت ہوئے۔ سہیل 14 اور فخر 15 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس کے بعد آغا سلمان بیٹنگ کے لیے آئے لیکن 21 رنز بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے۔بین ڈنک 22 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سمت پٹیل بیٹنگ کے لیے آئے لیکن 8 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جب کہ ڈیوڈ ویزے نے کھاتہ کھلونے کی بھی زحمت نہیں کی اور پہلی ہی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ محمد حفیظ 33 اور راشد خان 27 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔پشاور زلمی کی جانب سے کپتان وہاب ریاض اور ثاقب محمود نے 2،2 جب کہ مجیب الرحمان اور عماد بٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی کی جانب سے امام الحق اور کامران اکمل نے اننگز کا آغاز کیا۔شاہین آفریدی نے پہلے اوور کی پہلی ہی گیند پر امام الحق کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا جس کے بعد شعیب ملک بیٹنگ کے لیے آئے تاہم دوسرے اوپننگ بلے باز کامران اکمل بھی صرف 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد حیدر علی کھاتہ کھولے بغیر ہی آؤٹ ہوگئے۔پشاور زلمی کی جانب سے تجربہ کار بلے باز روی بوپارہ نے نصف سنچری اسکور کی اور شعیب ملک 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ رتھرفورڈ نے 26 رنز کی اننگز کھیلی۔ عماد بٹ 11 گیندوں پر 23 رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین آفریدی نے 3، سلمان مرزا نے2 اور ڈیوڈ ویزے نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں