فیفا ورلڈکپ: اسپین نے فرانس کو شکست دے کر 16 سال بعد فائنل میں جگہ بنا لی
ڈیلس: فیفا ورلڈکپ 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں اسپین نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر 16 سال بعد ورلڈکپ فائنل میں جگہ بنا لی۔ڈیلس میں کھیلے گئے اہم مقابلے میں اسپین نے آغاز ہی سے جارحانہ انداز اپنایا اور فرانس کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ اسپین کی منظم حکمتِ عملی اور مضبوط دفاع کے سامنے فرانسیسی ٹیم بے بس دکھائی دی۔اسپین کی جانب سے پہلا گول 24ویں منٹ میں میکل اویارزابال نے پنالٹی کک پر اسکور کیا، جبکہ دوسرے ہاف میں پیڈرو پورو نے 58ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کر دیا۔اس کامیابی کے ساتھ اسپین نے 2010 کے بعد پہلی بار ورلڈکپ کے فائنل میں رسائی حاصل کی۔ اسپین نے آخری مرتبہ 2010 میں ورلڈکپ فائنل کھیلا تھا، جہاں نیدرلینڈز کو شکست دے کر پہلی بار عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔دوسری جانب فرانس مسلسل تیسری مرتبہ ورلڈکپ فائنل کھیلنے کا خواب پورا نہ کر سکا اور سیمی فائنل ہی میں ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا۔اب ورلڈکپ 2026 کے دوسرے سیمی فائنل میں ارجنٹینا اور انگلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جس کی فاتح ٹیم فائنل میں اسپین کا سامنا کرے گی۔