فیفا ورلڈ کپ 2026: اسپین، ارجنٹینا، فرانس اور انگلینڈ نے سیمی فائنل میں پہنچ کر نئی تاریخ رقم کر دی
کراچی (اسپورٹس ڈیسک)فیفا ورلڈ کپ 2026 میں فٹبال کی تاریخ کا ایک منفرد ریکارڈ قائم ہوگیا، جہاں پہلی بار عالمی رینکنگ کی ٹاپ چار ٹیمیں—اسپین، ارجنٹینا، فرانس اور انگلینڈ—بیک وقت سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگئیں۔یہ تاریخی کامیابی فیفا کے نئے ڈرا اور سیڈنگ فارمیٹ کے تحت ممکن ہوئی، جس میں عالمی رینکنگ کی سرفہرست چار ٹیموں کو ناک آؤٹ مرحلے کے الگ الگ حصوں میں رکھا گیا تاکہ وہ سیمی فائنل سے قبل ایک دوسرے کے مدمقابل نہ آئیں۔یہ حکمت عملی اس صورت میں کامیاب ہو سکتی تھی جب چاروں ٹیمیں اپنے اپنے گروپس میں پہلی پوزیشن حاصل کرتیں، اور ایسا ہی ہوا۔ تمام فیورٹ ٹیموں نے گروپ مرحلہ کامیابی سے عبور کرنے کے بعد ناک آؤٹ مقابلوں میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔نئے فارمیٹ کے مطابق اسپین اور دفاعی چیمپئن ارجنٹینا صرف فائنل میں ہی ایک دوسرے کے سامنے آسکتے ہیں، جبکہ سیمی فائنل میں اسپین کا مقابلہ فرانس اور ارجنٹینا کا سامنا انگلینڈ سے ہوگا۔واضح رہے کہ 48 ٹیموں پر مشتمل نئے ورلڈ کپ فارمیٹ کے باعث ابتدائی ناک آؤٹ مرحلے میں بڑی ٹیموں کے آمنے سامنے آنے کے امکانات بڑھ گئے تھے۔ اسی خدشے کے پیش نظر فیفا نے ڈرا کے طریقہ کار میں تبدیلی کی تاکہ بڑے مقابلے ٹورنامنٹ کے آخری مراحل تک برقرار رہیں اور شائقین کو فیصلہ کن مرحلے میں سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو مل سکیں۔فٹبال شائقین اب دو دلچسپ سیمی فائنلز کے منتظر ہیں، جن کے فاتحین عالمی چیمپئن بننے کی جنگ میں فائنل میں آمنے سامنے ہوں گے۔