ورلڈ کپ میں سعودی عرب کی شکست، مداح غصے پر قابو نہ رکھ سکا، ٹی وی توڑ ڈالا
اسپین کے ہاتھوں 4-0 کی شکست کے بعد سعودی مداح کا شدید ردعمل، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرلفیفا ورلڈ کپ 2026 کے دوران جہاں شائقین اپنی ٹیموں کی کامیابیوں کا بھرپور جشن منا رہے ہیں، وہیں بعض مداح شکست کو برداشت نہ کر پانے کے باعث غیرمعمولی ردعمل بھی دے رہے ہیں۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو میں ایک سعودی مداح کو اسپین کے خلاف اپنی ٹیم کی شکست پر شدید غصے کا اظہار کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ویڈیو میں نظر آتا ہے کہ مذکورہ مداح ہاتھ میں ایک بھاری بلاک لیے ٹی وی اسکرین کے سامنے کھڑا ہے۔ اس دوران اسکرین پر اسپین کی ٹیم چار گول کے ساتھ واضح برتری حاصل کیے ہوئے دکھائی دیتی ہے جبکہ سعودی عرب کوئی گول اسکور نہیں کر سکا۔میچ ختم ہوتے ہی مداح اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکا اور غصے میں بلاک ٹی وی اسکرین پر دے مارا، جس سے اسکرین شدید متاثر ہوئی۔ بعد ازاں اس نے ٹی وی کو اٹھا کر زمین پر پٹخ دیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ موقع پر موجود اس کے دوست اور دیگر افراد اس سارے منظر کو حیرت اور مزاح کے انداز میں دیکھتے رہے اور بعض افراد ہنستے ہوئے بھی دکھائی دیے۔ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں صارفین اس واقعے پر مختلف تبصرے کر رہے ہیں۔ کچھ افراد نے مداح کے جذبات کو فٹبال سے محبت قرار دیا جبکہ دیگر نے شکست پر اس طرح کے ردعمل کو غیر مناسب قرار دیا۔