عمر گھمن اور سام سنگ پاکستان کا خوشگوار سفر اختتام پذیر
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان کی موبائل فون انڈسٹری میں چند شخصیات ایسی ہیں جنہوں نے اپنی محنت، تجربے اور قائدانہ صلاحیتوں کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کیا، اور ان میں عمر گھمن کا نام سرفہرست ہے۔ وہ گزشتہ تقریبا 12 برس سے عالمی شہرت یافتہ موبائل برانڈ سام سنگ سے وابستہ رہے اور پاکستان میں کمپنی کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے رہے۔عمر گھمن کی خدمات کے اعتراف میں 16 جون کو سام سنگ پاکستان کی جانب سے ایک الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں کمپنی کی اعلی قیادت اور لاہور کے معروف ڈیلرز نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران عمر گھمن کی پیشہ ورانہ خدمات اور انڈسٹری کے لیے ان کی کاوشوں کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ سام سنگ پاکستان کے کورین سربراہ بیرونِ ملک ہونے کے باعث تقریب میں شرکت نہ کر سکے۔اپنے دورِ ذمہ داری کے دوران عمر گھمن نے سام سنگ موبائل کی رسائی کو بڑے شہروں سے لے کر ملک کے چھوٹے شہروں تک وسعت دی۔ انہوں نے ڈیلرز کے مضبوط نیٹ ورک کی تشکیل، نئے آؤٹ لیٹس کے قیام اور پاکستان میں سام سنگ کے موبائل فون اسمبلنگ پلانٹ کے قیام میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔باخبر ذرائع کے مطابق عمر گھمن 30 جون کو سام سنگ موبائل پاکستان میں اپنی ذمہ داریوں سے باقاعدہ طور پر سبکدوش ہو جائیں گے۔ ان کے نہ صرف انڈسٹری کی معروف شخصیات بلکہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ڈیلرز کے ساتھ بھی خوشگوار اور مضبوط تعلقات رہے ہیں۔عمر گھمن کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ ان کے پوڈکاسٹس، لیکچرز اور پیشہ ورانہ رہنمائی کو موبائل انڈسٹری سے وابستہ افراد میں بے حد پسند کیا جاتا ہے۔ ان کے چاہنے والوں کی ایک بڑی تعداد انہیں ایک کامیاب منتظم، بہترین مقرر اور صنعت کے مخلص رہنما کے طور پر دیکھتی ہے۔وائس آف الیکٹرونکس عمر گھمن کی پاکستان کی موبائل انڈسٹری کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے اور ان کے مستقبل کے لیے نیک تمناں کا اظہار کرتا ہے