فیفا ورلڈ کپ: آسٹریا نے اردن کو 1-3 سے شکست دے کر 35 سال بعد فتح حاصل کر لی
سان فرانسسکو: فیفا ورلڈ کپ 2026 میں آسٹریا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نووارد اردن کو 1-3 سے شکست دے دی اور 1990 کے بعد پہلی مرتبہ ورلڈ کپ میں کامیابی اپنے نام کر لی۔سان فرانسسکو میں کھیلے گئے اس دلچسپ مقابلے میں آسٹریا نے آغاز ہی سے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور میچ کے 21ویں منٹ میں رومانو شمڈ کے گول کی بدولت برتری حاصل کر لی۔دوسرے ہاف کے آغاز میں اردن نے بھرپور انداز میں واپسی کی اور 50ویں منٹ میں علی علوان کے شاندار گول کی بدولت مقابلہ 1-1 سے برابر کر دیا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے میں آیا۔آسٹریا کے تجربہ کار فارورڈ مارکو آرناؤٹووچ نے ایک موقع پر گیند جال میں پہنچائی، تاہم ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) کے جائزے کے بعد ہینڈ بال کی وجہ سے گول مسترد کر دیا گیا۔میچ کا فیصلہ کن موڑ 76ویں منٹ میں آیا جب اردن کے دفاعی کھلاڑی یزن العرب سے بدقسمتی سے اون گول ہو گیا، جس کے نتیجے میں آسٹریا کو دوبارہ برتری حاصل ہو گئی۔اضافی وقت میں مارکو آرناؤٹووچ نے پنالٹی پر گول کر کے آسٹریا کی فتح پر مہر ثبت کر دی اور اپنی ٹیم کو 1-3 سے کامیابی دلوا دی۔اس فتح کے ساتھ آسٹریا نے ورلڈ کپ میں 35 سال بعد کامیابی کا مزہ چکھا، جبکہ اردن کو اپنے اگلے میچ میں الجزائر کے خلاف بہتر کارکردگی دکھانا ہوگی۔ دوسری جانب آسٹریا کا اگلا مقابلہ ارجنٹینا کے خلاف ہوگا۔