فیفا ورلڈ کپ 2026: شائقینِ فٹ بال کا نیا جنون، 32 سالہ تاریخی ریکارڈ پاش پاش
اسٹیڈیمز تماشائیوں سے کچھاکچھ بھر گئے؛ ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے میں ہی مقبولیت کے تمام ریکارڈز ٹوٹنے لگےاسپورٹس ڈیسک 18 جون 2026 دنیا کے سب سے بڑے کھیل، فیفا ورلڈ کپ 2026، کے سنسنی خیز مقابلوں کا میلہ سجتے ہی جہاں میدانوں میں کھلاڑیوں کے درمیان کانٹے دار مقابلے جاری ہیں، وہی اسٹیڈیمز کے اسٹینڈز میں بھی نئے عالمی ریکارڈز بننے کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔حالیہ میچز کے دوران شائقینِ فٹ بال کی اسٹیڈیمز میں آمد نے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے، جس نے فٹ بال کی تاریخ کے کئی پرانے ریکارڈز کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ایک ہی دن میں پونے تین لاکھ سے زائد تماشائیوں کی شرکترپورٹ کے مطابق، منگل کے روز کھیلے گئے محض چار میچوں میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 223 شائقین نے اسٹیڈیمز کا رخ کر کے ایک نیا سنگِ میل عبور کیا۔یہ حاضری فٹ بال کی تاریخ میں ایک منفرد مقام رکھتی ہے کیونکہ اس نے 1994 کے ورلڈ کپ (امریکہ) میں قائم ہونے والے 32 سال پرانے ریکارڈ کو بھی توڑ دیا ہے۔ سنہ 1994 میں ایک ہی دن کے چار میچوں میں 2 لاکھ 77 ہزار 70 افراد اسٹیڈیم پہنچے تھے، تاہم موجودہ ٹورنامنٹ نے اس جادوئی ہندسے کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔